بھٹکل:30؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)انجمن پی یوکالج بھٹکل کا سالانہ جلسہ 29دسمبر 2019بروز اتوار کو انجمن آباد پر بہت ہی نظم وضبط اور خوب صورت انداز میں منعقد ہوا۔
جلسے میں ضلع اترکنڑا کے ڈی ڈی پی یو ہیگڈے ایس این نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ تعلیمی اداروں کو قائم کرتے ہوئے نظم ونسق کے ساتھ بہتر نگرانی کرتے ہیں تو ایسے لوگ صدیوں تک حکمرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبا سے کہاکہ اپنے بلند خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے عملی منصوبہ بنائیں۔ زندگی امید پر قائم ہے ، طلبا خود اعتمادی اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو امیدیں بر آتی ہیں۔ مہمان نے اساتذہ سے کہاکہ دنیا میں اگر کوئی غلطی کرتاہے تو اس کا بہت کم نقصان ہوتاہے یا نظر انداز کیا جاتاہے مگر جب اساتذہ غلطی کرتےہیں تو پوری قوم گرجاتی ہے ، پوری قوم کو نقصان پہنچتا ہے تو اساتذہ اپنی ذمہ داری کو سمجھ کر خدمات انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے طلبا کے نظم وضبط کی ستائش کی۔
اعزازی مہمان مرکز النوائط ابو ظہبی کے سابق صدر محمد جعفر دامدا نے کہاکہ انتظامیہ ، اساتذہ اور طلبا کے درمیان بہتر آپسی تال میل ادارے کو ترقی کی جانب گامزن کرتاہے۔ طلبا سے کہاکہ دنیا میں سب سے زیادہ قیمتی چیز اخلاق ہے ، اسی سے انسانیت زندہ بھی ہے ، آپ اپنے تعلیمی دور میں ہی نہیں بلکہ پوری زندگی میں اخلاق کو اپنائیں گے تو ترقی کے اعلیٰ منازل تک پہنچنے کی بات کہی۔ اور ایک اعزازی مہمان پیاسفک ایل ایل سی دبئی کے کمرشیل اینڈ سیلس مینجر ایس ایم سید مقبول نے طلبا سےمخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ملک کی گرتی معیشت اور بند ہوتے کارخانے اور مستقبل میں مشینی دور کی وجہ سے صرف ڈگریاں کام نہیں دیں گی، بلکہ آپ کو اپنی خصوصی صلاحیت کو پروان چڑھانا ہوگا، تب کہیں جاکر کسی مقام کو پاسکیں گے۔ طلبا سے کہاکہ منفی چیزوں کی طرف دھیان نہ دیں، ناکامی پر نہ گھبرائیں،بلکہ اسی کو کامیابی کا زینہ بنا کر آگے بڑھیں یقیناً زندگی میں کامیابی حاصل ہوگی۔
انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے سرپرست محمد محسن شاہ بندری (امریکن محسن )نے صدارتی خطاب میں اپنے ماضی کو یا د کرتے ہوئے موجودہ انجمن کی ترقی پر دلی مسرت و خوشی کا اظہارکرتےہوئے مزید ترقی کے لئے دعا کی۔ ساتھ ہی انہوں نے طلبا سے کہاکہ محنت ومشقت سے کام کریں ،پڑھائی کریں تو ضرور آگے بڑھیں گے۔
جلسے میں ثقافتی اور کھیل مقابلوں میں جیتنے والے طلبا کے درمیان انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ مہمانوں نے طلبا کے درمیان مسٹر پنکچول، مسٹر اسمارٹ،قومی، ریاستی سطح کے مقابلوں میں شریک ہوئے طلبا کو ،اپنے مضامین میں 100فی صد نتیجہ درج کرنےو الے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو خصوصی نقد انعامات سے نوازاگیا۔ثقافتی مقابلوں میں سائنس دوم کے محمدافنان ملا اور آرٹس دوم کے درشن کو اور کھیل مقابلوں میں پی یو اول کے سید مبین ، امیر بن محفوظ اور محمد افنان کو مشترکہ طورپر ادبی و کھیل چمپئین شپ کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔ کالج پرنسپال محمد یوسف کولا کو کالج ترقی میں ان کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ابراہیم قاضیا صاحب نے انہیں 10ہزار روپئے کے خصوصی انعام سے نوازا۔ اسکے علاوہ کالج کی طرف پہلی مرتبہ دینیات مضمون میں بہتر مظاہرہ کرنے والے طلبا کو بھی انعام دیاگیا۔ اسی طرح این سی سی کیڈٹ ہسٹری کوئز ونروغیرہ کے انعامات تقسیم کئے گئے۔
جلسے کا آغاز پی یو اول سائنس کے حسن رباح کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ پی یو دوم کامرس کے اشعر نے ہدیہ نعت پیش کی تو کامرس اول کے اشہام موٹیا نے استقبال کیا۔ کالج فنکشن چیرمن پروفیسر منصور علی خان نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ کالج پرنسپال محمد یوسف کولا نے کالج کی سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔ سائنس دوم کے عبدالواسید شیخ نے معنی خیز اور پرترنم غزل پیش کی تو سبھی نے ستائش کی۔ سائنس دوم کے توحید باگ سراج اور محمد سیف چکییری نے اپنے دوسالہ تعلیمی تاثرات پیش کئے۔
کالج بورڈ سکریٹری محمد محسن شاہ بندری نے صدر مجلس کا تعارف پیش کیا۔ ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری نے کالج کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے تعاون دینے والے قاضیا برادران کا شکریہ اداکیا۔ احمد اریش اور اسماعیل کاکڑے نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ کالج کے وائس پرنسپال عبدالرحیم خان نے شکریہ کلمات ادا کئے۔ ڈائس پر انجمن کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل،عبدالباری محتشم ،ابراہیم قاضیا موجود تھے۔ جلسے کے بعد طلبا اور اساتذہ کے لئے تواضع کا اہتمام کیاگیا تھا ۔ جلسے میں بھٹکل کے اے ایس پی نکھیل صاحب اپنی مصروفیات کی بنا شریک نہیں ہوسکے۔